24

سابق انٹرنیشنل امپائر اسد رؤف لاہور میں سپرد خاک

سابق انٹرنیشنل امپائر اسد رؤف (Asad Rauf) کو لاہور میں سپرد خاک کردیا گیا، وہ 66 برس کی عمر میں گزشتہ رات انتقال کرگئے تھے۔ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے اسد رؤف کے انتقال پر اظہار افسوس کیا ہے۔

سابق انٹرنیشنل امپائر اسد رؤف کی نماز جنازہ شاد باغ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں امپائر علیم ڈار، سابق کرکٹرز سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اسد روف کے بھائی طاہر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی تھی، اہل خانہ نے بتایا تھا کہ ان کا انتقال حرکت قلب بند ہوجانے کے باعث ہوا۔

وہ گزشتہ روز دکان بند کر کے گھر جارہے تھے کہ اچانک سینے میں تکلیف محسوس ہوئی، جس پر انہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم دل کا دورہ جان لیوا ثابت ہوا۔

اسد رؤف فرسٹ کلاس کرکٹ کے ساتھ ساتھ عالمی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) (ICC) کیلئے بھی امپائرنگ کرچکے ہیں۔

اسد رؤف آئی سی سی کے ٹاپ امپائر رہے۔ انہوں نے 64 ٹیسٹ، 139 ون ڈے اور 28 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں امپائرنگ کی۔

اسد رؤف نے 11 ویمن ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی سپروائز کئے۔