20

شاہنواز دھانی بہتر، محمد رضوان کی ایم آرآئی رپورٹ کا انتظار

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہنواز دھانی کی فٹنس میں بہتری آگئی جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی ایم آر آئی رپورٹ کا انتظار ہے۔

پی سی بی کے مطابق شاہنواز دھانی کی فٹنس میں بہتری آئی ہے، میڈیکل ٹیم ان کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے جبکہ محمد رضوان کو ایم آرآئی اسکین کیلیے اسپتال لے جایا گیا تھا،ان کی رپورٹ منگل کو موصول ہوگی جس کی روشنی میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا، وکٹ کیپر بیٹر اس وقت بہتر محسوس کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں پاکستان کے پاس رضوان کی عدم موجودگی میں کوئی اسپیشلسٹ وکٹ کیپر موجود نہیں، رضوان کی عدم موجودگی میں خوشدل شاہ اور فخر زمان وکٹ کیپنگ کر سکتے ہیں لیکن یہ دونوں مستقل وکٹ کیپر نہیں ہیں۔

پاکستان ٹیم میں وکٹ کیپنگ کیلئے رضوان کے بعد دوسری چوائس محمد حارث ہیں جو پاکستان کے دورہ نیدرلینڈز میں تو ٹیم کے ساتھ تھے لیکن ایشیا کپ اسکواڈ میں شامل نہ ہونے کی وجہ سے دبئی میں موجود نہیں ہیں۔ اگر رضوان انجری کی وجہ سے ایشیا کپ سے باہر ہوتے ہیں تو ممکن ہے کہ محمد حارث کو دبئی طلب کرلیا جائے۔ٍ