23

وزیراعظم نے سی پیک اتھارٹی ختم کرنے کی منظوری دے دی

وزیراعظم شہباز شریف نےسی پیک اتھارٹی کو ختم کرنے کی منظوری دے دی جو چین کی رضامندی سے مشروط ہے اور چینی حکومت کو اعتماد میں لے کر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اسٹریٹجک اتحادی چین کو سب سے پہلے اعتماد میں لیا جائے،جبکہ چینی حکام کی رضامندی کے بعد سی پیک اتھارٹی ایکٹ منسوخ کر دیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اتھارٹی ختم کرنے کا مقصد سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سی پیک اتھارٹی کی جگہ وزارت منصوبہ بندی میں سی پیک سیکرٹریٹ قائم کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اتھارٹی اپنے قیام کے وقت ہی متنازعہ رہی ہے، اور 2 ماہ قبل وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے سمری بھیجی گئی تھی، جس میں سی پیک اتھارٹی کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔