29

پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 10 کروڑ پودے لگائےجائیں گے،عمران خان

سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان ( Imran Khan ) نے بنی گالہ ( Bani Gala) میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عمران خان کا کہنا تھا کہ اس سال وقت سے پہلے بارشیں پاکستان میں سیلاب کا باعث بنیں۔

بنی گالہ 17 اگست بروز بدھ کو پودا لگا کر شجر کاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ موسم برسات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 10 کروڑ پودے لگائے جائیں گے، اس موقع پر انہوں نے عوام سے بھی شجرکاری مہم میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ رواں سال پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے بڑے منفی اثرات پڑے ہیں، مارچ اور اپریل کے دوران پاکستان میں دنیا کے مقابلے میں سب سے زیادہ گرمی پڑی، گرمی کی شدت سے پاکستان کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بڑھے۔

موسمیاتی تبدیلی پر بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے شمالی علاقہ جات میں تین جگہ گلیشئیرز ٹوٹے اور سیلاب سے علاقوں میں شدید تباہی آئی۔ ہمیں اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے درخت لگانا ہے، جو ہماری قومی ذمہ داری ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ شجرکاری مہم میں پوری طرح شرکت کریں۔