32

سیلاب ریلوے ٹریک بہا لے گیا، پاک ایران ٹرین سروس معطل

چاغی / چمن: شدید اور مسلسل بارشوں کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں ریلوے ٹریک کا کئی فٹ حصہ پانی میں بہہ گیا، جس کے بعد پاک ایران ٹرین سروس معطل ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق دالبندین کے قریب آنے والا سیلاب ٹریک کو اپنے ساتھ بہا لے گیا، جس کے باعث 2 مال بردار ٹرینیں دالبندین اسٹیشن پر کھڑی ہیں۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید اور موسلادھار بارش کے بعد آنے والے سیلاب نے احمد وال، دالبندین، یک مچ اور دیگر کئی مقامات سے ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچایا ہے۔

ٹرین سروس معطل ہونے کے بعد ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ چاغی ٹریک کی بحالی میں کئی دن لگ سکتے ہیں۔ سیلابی ریلا رُک جانے کے بعد مرمت کا  کام ممکن ہو سکے گا۔

دوسری جانب چمن میں پاک افغان سرحد پر ’’باب دوستی‘‘پیدل آمدورفت کے لیے آج صبح سے بحال کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں طرف سے مسافروں کی آمدورفت جاری ہے، اس موقع پر سکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاک افغان سرحد پر واقع گزرگاہ 2 روز قبل سیلابی صورت حال اور پانی کا ریلہ چیکنگ نظام میں داخل ہونے کے باعث بند کردی گئی تھے، جس کے بعد تجارتی گاڑیوں کی آمد و رفت گزشتہ روز اور پیدل چلنے والوں کے لیے گزر گاہ آج بحال کردی گئی ہے۔  حکام کیے مطابق کئی مقامات پر پانی تاحال جمع ہے۔