23

پرویز الٰہی کی وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد، پولیس دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا

وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز  الٰہی کی وزیراعلیٰ آفس آمد پر انھیں پنجاب پولیس کے دستے نے گارڈ  آف آنر پیش کیا۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد پر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اس دوران انھوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کے ہمراہ سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی، اراکین پنجاب اسمبلی راجہ بشارت، حافظ ممتاز  احمد، رفاقت گیلانی، علی عباس شاہ، عمر فاروق، محمد رضوان اور پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب محمد خان بھٹی سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس آمد پر  پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ آفس کے اسٹاف سے ملاقات کی اور انھیں جانفشانی سے سرکاری فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔

اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی نے دعائے خیر کرائی جبکہ اراکین اسمبلی نے وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر پرویز الٰہی کو مبارکباد دی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے دو روز  قبل  پرویز الٰہی کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق دائر درخواست پر ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مسلم لیگ ق اور تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا تھا۔

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے حلف لینے سے انکار کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چوہدری پرویز الٰہی سے حلف لیا تھا۔