25

پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں گورنر راج کی سمری پر کام شروع کردیا ہے،جبکہ پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی لگی تو گورنر راج کیلئے یہ جواز کافی ہو گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا سپریم کورٹ کے فیصلے سے سیاسی صورت حال مزید خراب ہوئی ہے، کل کے عدالتی فیصلے کے بعد میڈیا اور سوشل میڈیا پر جو گفتگو ہوئی وہ افسوسناک ہے، لیکن کچھ معاملات ایسے ہیں جن سے ایسی گفتگو کو تقویت ملتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سینئر جج کے خط کے مندرجات پر گفتگو افسوسناک ہے، اگر ایسا ہورہا ہے تو پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

رانا ثنااللہ نے کہا کہ گورنر راج پر گفتگوکرنے والے آوارہ گفتگو کے عادی ہیں، آوارہ گفتگوکرنےوالوں کو پیغام ہےگورنرراج کی سمری پرمیں نے کام شروع کردیاہے، گورنر راج کی سمری وزارت داخلہ نے شائع کرنی ہے، پنجاب میں میرے داخلے پر پابندی گورنر راج کا جواز ہوگا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد ن لیگ کا فیصلہ تھا کہ انتخاب میں جائیں لیکن اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کے بعد حکومت کرنے کا مشکل فیصلہ کیا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف وطن واپس آئیں گے اور مسلم لیگ ن کی انتخابی مہم چلائیں گے۔