30

اگست میں چیزیں ہموار اور سیاسی صورتحال نارمل ہوجائیگی : مفتاح اسماعیل

اسلام آباد:  وزیرخزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ اگست میں چیزیں ہموار اور سیاسی صورتحال نارمل ہوجائےگی۔

اسلام آباد میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ امپورٹ کو ایکسپورٹ اور ترسیلات زر کے برابر کرنے کی کوشش کررہے ہیں، بہت سی چیزوں کی امپورٹ پرپابندی لگانےکا فائدہ ہوا اور کچھ پر نہیں ہوا، ہم نے پچھلے تین مہینوں میں کوشش کی کہ درآمدات کم کریں۔

’خوشی کی بات ہے کہ اس ماہ اقدامات کا ثمر آیا‘

انہوں نے کہا خوشی کی بات ہے کہ اس ماہ اقدامات کا ثمر آیا ہے، جولائی میں 2.6 ملین ڈالرز کی امپورٹ ہوئی، 700 ملین ڈالرز کی تیل کی امپورٹ ہوئی، 2  ملین ڈالر کی دیگر امپورٹ آئی ہے، انرجی امپورٹ میں کمی آئی ہے ، آج پاکستان میں 60 دن کا ڈیزل ہے، جب ڈسکاؤنٹ دے رہے تھے تو لوگوں نے فیول ذخیرہ کرلیا۔

’’آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوچکا ہے،اس میں کوئی خلل نہیں‘

 مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ عالمی مالیاتی ادارے  (آئی ایم ایف ) سے معاہدہ  ہوچکا اور اس میں کوئی خلل نہیں،کوئی ایسی چیز نہیں کریں گے کہ آئی ایم ایف معاہدے میں خلل پڑے، ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک کے پیسے بھی آنا شروع ہوجائیں گے۔

وزیر خزانہ کا  کہنا تھا کہ معیشت اب بھی اچھی چل رہی ہے، ایک دوست ملک نے 1.2 ارب ڈالرکی تیل فنانسنگ کا کہا ہے،  دوست ملک ایک ملین ڈالرز اسٹاک ایکسچینج میں  بھی سرمایہ کاری کرے گا۔

مفتاح اسماعیل کی گفتگو کا کلپ وائرل

دوسری جانب  مفتاح اسماعیل کا مشکل حکومتی فیصلوں پر گفتگو کا ایک کلپ بھی وائرل ہورہا ہے۔

مفتاح اسماعیل سے اینکر غریدہ فاروقی نے اپنے شو میں حکومت کی جانب سے لیے جانے والے مشکل فیصلوں پر سوال کیا۔جس کے جواب میں مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ کیا ہم پاکستان کو دیوالیہ کی طرف لے جائیں؟ مشکل فیصلے لینے سے متعلق تعجب کی بات کیا ہے؟ مطلب اگر (ن) لیگ ایک الیکشن ہار گئی تو کیا اس کے لیے پاکستان کو قربان کردیں ؟ اگر ہم حکومت میں نہ بھی رہے اپوزیشن میں 5 سال بیٹھ جائیں تو کیا ہمیں موت آجائے گی؟ یہ کون سے عجیب بات ہے؟

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آج دنیا مفتاح اسماعیل سے اچھے سے ملتے ہے تو اس لیے کہ میں پاکستان کا وزیر خزانہ ہوں، یہ عزت مجھے پاکستان نے دی ہے اگر ہم پاکستان کی خاطرپاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کے لیے ایک الیکشن ہار بھی جائیں تو کوئی بڑی بات نہیں۔