72

پاکستان کو ترقی یافتہ قوم بنانے کیلئے افرادی قوت میں خواتین کی تعداد میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے، شیزہ فاطمہ خواجہ

اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ قوم بنانے کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا انتہائی ضروری ہے،افرادی قوت میں خواتین کارکنوں کی تعداد میں اضافہ وقت کی بہت بڑی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یو این ویمن پاکستان کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

وزیراعظم آفس یوتھ افیئرز ونگ کی جانب سے بدھ کو جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر معاون خصوصی شیزہ فاطمہ خواجہ نے یو این ویمن کو وزیراعظم کے یوتھ پروگرام کی جانب سے ہر طرح کے مکمل تعاون کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو ترقی یافتہ قوم بنانے کیلئے خواتین کو بااختیار بنانا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ افرادی قوت میں خواتین کارکنوں کی تعداد میں اضافہ وقت کی بہت بڑی ضرورت ہے۔

معاون خصوصی نے مزید کہا کہ جدید سہولیات کے فقدان ،ڈیجیٹل ناخواندگی اور کاروباری دنیا کے حوالہ سے معلومات کی کمی کاروباری شعبہ میں خواتین کی کم شرکت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو این ویمن کے اشتراک سے وزیراعظم یوتھ پروگرام ملک بھر کے 10 مختلف پسماندہ ترین اضلاع میں خواتین کی مہارتوں میں اضافہ کیلئے سکالرشپ فراہم کرے گا۔

یو این ویمن کی نمائندوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ ملک کے دور دراز علاقوں کی خواتین تک رسائی یقینی بنانے کی ضرورت ہے اور حکومت کے تعاون سے ملک کی کم ترقی یافتہ خواتین کو بااختیار بنانے کے مشن میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ اشتراک کار سے تقریباً 6 ہزار سے زیادہ خواتین استفادہ کریں گی۔ یو این ویمن پاکستان کی کنٹری ری پریزنٹیٹیو شرمیلا رسول نے پاکستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالہ سے حکومتی اقدامات اور دلچسپی کو سراہا۔

معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شیزہ فاطمہ خواجہ نے یو این ویمن پاکستان پر زوردیا کہ وہ اپنی کاوشیں جاری رکھے اور وزیراعظم یوتھ پروگرام متعلقہ 10 اضلاع کے اعداد و شمار اور ڈیٹا کی فراہمی کو یقینی بنائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیراعظم آفس کا ایک اہم مقصد ملک کی نوجوان خواتین کو سہولیات کی فراہمی ہے کیونکہ خواتین ہماری ملکی آبادی کا 49 فیصد حصہ ہیں لیکن صرف 23 فیصد خواتین افرادی قوت میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشن صنفی تضاد کو کم سے کم کرتے ہوئے زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین کو آگے لانا ہے۔