23

تحریک انصاف پنجاب اسمبلی میں تگڑی ہو گئی

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 5 مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جولائی2022ء) تحریک انصاف پنجاب اسمبلی میں تگڑی ہو گئی، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کو 5 مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد میں اضافہ ہو گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف کو 5 مخصوص نشستیں الاٹ کر دیں، اس حوالے سے نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔ تحریک انصاف کو پنجاب اسمبلی میں 2 اقلیتی اور 3 خواتین کی مخصوص نشستیں الاٹ کی گئی ہیں۔ یہ نشستیں تحریک انصاف کے منحرف اراکین اسمبلی کے ڈی سیٹ ہونے پر خالی ہوئی تھیں۔ منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے پر تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن سے یہ نشستیں پی ٹی آئی کے نامزد نئے امیدواروں کو الاٹ کرنے کی درخواست کی تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے 20 نشستوں کے ضمنی الیکشن سے قبل مخصوص نشستوں کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ بعد ازاں تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جہاں عدالت نے پنجاب کی سابقہ حکمراں جماعت کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہوا تھا، جس کے بعد اب بدھ کے روز نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا۔