53

عالمی مارکیٹ میں ایل این جی مہنگی، ملک میں بجلی کا بحران مزید شدت اختیار کرنے کا امکان

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2022ء)عالمی مارکیٹ میں ایل این جی مہنگی ہونے کے باعث بولی کامیاب نہ ہونے پر بجلی کا بحران جولائی اور اگست میں مزید شدت اختیار کرنے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور قلت کے دوران پاکستان نے جولائی میں ایل این جی کارگو کی فراہمی کے لیے موصول ہونے والی واحد 39.8 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی مہنگی پیشکش قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے باعث ملک میں بجلی کا بحران مزید بڑھ جائے گا۔

 

حکومت کی جانب سے توانائی کے بحران سے بچنے کے لئے جولائی کے لئے ایل این جی کے ٹینڈر کی بولی مانگی تھی، پیشکش جمع کرانے کے آخری روز جمعرات کو پاکستان کو جولائی کے ابتدائی تین ہفتوں 3 ایل این جی سلاٹس کے لیے کوئی پیشکش نہیں ملی لیکن جولائی کے آخری ہفتے کے سلاٹ کے لیے مہنگی ترین بولی موصول ہوئی۔

 

پاکستان ایل این جی لمیٹڈ نے جولائی کے پہلے اور دوسرے ہفتے میں ایک، ایک آخری ہفتے میں دو کارگوز کے لیے 16 جون کو ٹینڈر جاری کیا تھا لیکن 2-3 جولائی، 8-9 جولائی اور 25-26 جولائی کے لیے کوئی پیشکش موصول نہیں ہوئی۔

 

پی ایل ایل کی جانب سے جولائی کے پہلے ہفتے میں ایل این جی کارگو حاصل کرنے کی یہ تیسری ناکام کوشش تھی، اس سے پہلے 31 مئی اور 7 جون کو جاری کیے گئے دو ٹینڈرز پر بالترتیب دو اور ایک پیشکش موصول ہوئی تھی تکنیکی جواب نہیں مل سکا یوں وہ پیشکشیں ختم ہوگئیں۔