37

پشاور اور دیر میں چھت اور دیوار گرنے سے طالبہ سمیت 2 افراد جاں بحق

پشاور: خیبر پختونخوا میں مختلف واقعات میں چھت اور دیوار گرنے سے بچوں سمیت 13 افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعات میں 2 افراد جاں بحق اور دیگر زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے علاقے پھند روڈ خٹکو پل کے قریب کچے مکان کی چھت گر گئی،  جس کے ملبے تلے 7 افراد دب گئے۔  امدادی ٹیموں نے تمام افراد کو نکال کر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا، جہاں ڈاکٹروں نے 18 سالہ خاتون کو جاں بحق قرار دے دیا۔

ذرائع کے مطابق واقعے میں 6 افراد زخمی ہوئے، جن میں ماں اور بچے شامل ہیں۔اسپتال میں زیر علاج زخمیوں میں 50 سالہ نعمت، ایک 40 سالہ خاتون، 10 سالہ سجاد، 8 سالہ خلیفہ، 4 سالہ اسحٰق، 6 سالہ اسرار شامل ہیں۔

دریں اثنا لوئر دیر میدان کے علاقے بلوخان دپور میں سرکاری پرائمری اسکول کی دیوار گر گئی، جس سے کئی بچے ملبے تلے دب گئے۔ امدادی ٹیموں نے ایک بچی کی لاش اور دیگر 6 زخمی بچوں کو نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ کو واقعے کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔