248

ملک میں کورونا کے 8418 مصدقہ مریض، مزید 17 افراد جاں بحق

 کراچی /  اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 8418 ہوگئی ہے جب کہ مزید 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 425 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جس کے بعد پاکستان میں کورونا سےمتاثرہ افراد کی تعداد 8418 ہوگئی ہے جب کہ 1970 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

کہاں کتنے مریض ؟
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں جہاں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3721 ہے۔ اس کے علاوہ سندھ میں 2537، خیبرپختونخوا میں 1235، بلوچستان میں 432، گلگت بلتستان میں 263 ، اسلام آباد میں 181 جب کہ آزاد کشمیر میں49 کیسز رپورٹ ہوچکے ہین۔

ایک روز میں 17 افراد لقمہ اجل بن گئے

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوٓں میں ملک بھر میں کورونا نے مزید 17 افراد کی جان لے لی ہے۔ جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد176ہوگئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا سے 67 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ سندھ میں 56، پنجاب42، بلوچستان میں 5 جب کہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں3،3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔

’کسی کام میں شفافیت نہیں‘

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے ہیں کہ  مسئلہ یہ ہے کہ کسی کام میں شفافیت نہیں۔

’35 لاکھ ماسک برآمد کئے‘

سپریم کورٹ میں کورونا وائرس از خود نوٹس کیس میں وزارت صحت نے اپنی رپورٹ جمع کرائی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ملک میں فیس ماسک کی کمی نہیں، ملک سے 2کروڑ ماسک ا سمگل کرنے کا الزامات بے بنیاد ہیں، صرف 35 لاکھ ماسک چین کی درخواست پر 5 چینی کمپنیوں کوبرآمد کیے گئے، ماسک برآمدگی سے متعلق معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کررہا ہے۔

وزیراعظم کی اپیل

وزیر اعظم عمران خان نے اپنی ٹوئٹ میں عوام سے اپیل کی ہے کہ جس قدر ممکن ہو سکے خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔جتنا لوگ خود کو نظم و ضبط سے آراستہ کریں گے اتنا ہی ہمارے لئے وبا سے نمٹنا آسان ہوگا اور بندشوں میں مرحلہ وار نرمی بھی ممکن ہوپائے گی۔ ‏

کورونا وائرس اور احتیاطی تدابیر:

کورونا وائرس کے خلاف یہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے سے اس وبا کے خلاف جنگ جیتنا آسان ہوسکتا ہے۔ صبح کا کچھ وقت دھوپ میں گزارنا چاہیے، کمروں کو بند کرکے نہ بیٹھیں بلکہ دروازہ کھڑکیاں کھول دیں اور ہلکی دھوپ کو کمروں میں آنے دیں۔ بند کمروں میں اے سی چلاکر بیٹھنے کے بجائے پنکھے کی ہوا میں بیٹھیں۔

سورج کی شعاعوں میں موجود یو وی شعاعیں وائرس کی بیرونی ساخت پر اُبھری ہوئی پروٹین کو متاثر کرتی ہیں اور وائرس کو کمزور کردیتی ہیں۔ درجہ حرارت یا گرمی کے زیادہ ہونے سے وائرس پر کوئی اثر نہیں ہوتا لیکن یو وی شعاعوں کے زیادہ پڑنے سے وائرس کمزور ہوجاتا ہے۔

پانی گرم کرکے تھرماس میں رکھ لیں اور ہر ایک گھنٹے بعد آدھا کپ نیم گرم پانی نوش کریں۔ وائرس سب سے پہلے گلے میں انفیکشن کرتا ہے اور وہاں سے پھیپھڑوں تک پہنچ جاتا ہے، گرم پانی کے استعمال سے وائرس گلے سے معدے میں چلا جاتا ہے، جہاں وائرس ناکارہ ہوجاتا ہے۔