312

سندھ میں کورونا کے 245 مریض، ایکسپو سینٹر میں 10ہزار بستر کا اسپتال بنانے کا اعلان

کراچی: سندھ بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 245 ہوگئی جب کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی ایکسپو سینٹر میں 10 ہزار بستروں پر مشتمل اسپتال قائم کرنے کا اعلان کردیا۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافہ ہوگیا، 24 گھنٹوں کے دوران کراچی میں 37 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی جبکہ کراچی میں زیر علاج حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا کورونا وائرس میں مبتلا تیسرا مریض صحت یاب ہوگیا، سندھ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 245 ہوگئی جس میں سے 93 افراد کا تعلق کراچی سے ہے۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی سے تعلق رکھنے والے 37 افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے، تمام افراد کے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آنے پر کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ افراد رابطوں کے ذریعے کورونا وائرس سے متاثر ہوئے جنہیں آئسولویشن وارڈ میں داخل کردیا گیا ہے۔
کراچی میں زیر علاج کورونا وائرس میں مبتلا تیسرا مریض صحت یاب ہوگیا جس کا تعلق حیدرآباد سے تھا، متاثرہ شخص کے ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے جس کے بعد ڈسچارج کردیا گیا۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق سندھ بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 245 ہوگئی ہے جس میں سے 151 مریضوں کا تعلق سکھر، 93 مریضوں کا تعلق کراچی اور ایک کا حیدرآباد سے ہے، کراچی سے تعلق رکھنے والے دو جبکہ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والا ایک مریض کو صحت یابی کے بعد گھر بھیج دیا گیا ہے جبکہ کورونا وائرس سے متاثرہ 242 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

اس ضمن میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اہم اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں بھی ایک اسپتال قائم کیا جائے گا جو 10 ہزار بستروں پر مشتمل ہوگا۔

ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کور کمانڈر کراچی اور سندھ حکومت کی ٹیم بنائی جا رہی ہے جو یہ کام سر انجام دے گی جب کہ سعید غنی حکومت سندھ کی طرف سے کمیٹی کی سربراہی کریں گے اور ٹیم میں کمشنر کراچی بھی شامل ہوں گے۔