150

ایل این جی ٹرمنل میں خرابی کے باعث ملک بھر میں گیس کی قلت

لاہور: کراچی میں پورٹ قاسم پر نو تعمیر شدہ ایل این جی ٹرمنل میں تکنیکی خرابی کے بعد پنجاب میں گیس کی قلت شدت اختیار کرگئی، جس کے بعد سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے صنعتوں کو مقامی گیس کی فراہمی روک کر گھریلو صارفین کو اس کی فراہمی شروع کردی۔

خیال رہے کہ گھریلو صارفین گزشتہ کئی روز سے گیس کے انتہائی کم پریشر کا سامنا کررہے تھے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق گھریلو صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پنجاب کے کچھ پاور پلانٹس کی سپلائی میں بھی کمی کردی گئی۔

ایس این جی پی ایل کے منیجنگ ڈائریکٹر امجد لطیف نے ڈان کو بتایا کہ سردیوں کے باعث گھریلو صارفین کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے اور ہمارے پاس اضافی 600 ایم ایم سی ایف ڈی ری گیسیفائڈ مائع قدرتی گیس (آر ایل این جی) کی سپلائی موجود نہیں، لہٰذا ہم نے صنعتوں کو مقامی گیس کی فراہمی روک دی ہے لیکن ہم انہیں آر ایل این جی فراہم کریں گے۔