54

پاکستان اور چائنا کی بڑی ٹائر کمپنیوں میں اشترا کی معاہدہ

لاہور۔گزشتہ روز پاکستان میں ٹائر تیار کرنے والی مقبول ترین کمپنی،سروس انڈسٹریز لمیٹڈ اور چائنا کی صف اول کی کمپنی چایانگ لانگ مارچ ٹائر کمپنی لمیٹڈ نے آل اسٹیل ریڈیل ٹرک اور بس ٹائرز کی پاکستان میں تیاری کے حوالے سے مشترکہ معاہدہ پر دستخط کئے۔ترجمان کے مطابق چایا نگ لانگ مارچ ٹائر کمپنی لمیٹڈ کا قیام جنوری 2003میں،1966میں تمام تر اسٹیل ریڈیل ٹائر پروڈکشن لائنز کے ساتھ قائم ہونے والیLiaoningٹائر گروپ کمپنی لمیٹڈ،کی خرید کے بعدعمل میں آیا۔

وسیع پیمانے پر کامیابی اور خاطر خواہ ترقی کے بعد،اب وہ اپنی پراڈکٹس 90سے زائد ممالک کو برآمد کر رہے ہیں۔ترجمان کے مطابق،سروس انڈسٹریز لمیٹڈ کا قیام1961میں عمل میں آیا اور یہ پاکستان کی بڑی اور مقبول ترین جوتا ساز اور ٹائر بنانے والی کمپنی ہے۔سروس سائیکل،موٹر سائیکل اور تھری وہیلرز کے ٹائرز کی تیاری میں مارکیٹ لیڈر کے طور پر کام کررہی ہے۔حال ہی میں سروس نے ٹریکٹر ٹائر کی مارکیٹ میں قدم رکھا ہے۔کمپنی جوتوں اور ٹائرز کی برآمدات میں پاکستان بھر میں اعلی ترین اور منفرد مقام رکھتی ہے۔

ترجمان کے مطابق،اس معاہدے کے تحت سروس لانگ مارچ ٹائرز(پرائیویٹ)لمیٹڈ کے نام سے قائم کی جانے والی اس نئی کمپنی میں سروس انڈسٹریز لمیٹڈ 51%اور چایانگ لانگ مارچ ٹائر کمپنی لمیٹڈ49%کی حصہ دار ہو گی۔اس حوالے سے پہلے مرحلے کے 250ملین ڈالر کے پراجیکٹ کا آغاز،سائٹ سندھ میں 100ملین ڈالر سے کیا جائے گا۔اس پراجیکٹ کے لیے زمین اور پلانٹ کے ڈیزائن پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔اس مو قع پر سروس انڈسٹر یز لمیٹڈ کے سی ای او،جناب عارف سعید نے بتایا کہ ہم ٹائر کی صنعت میں 50سالوں کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور نہ صرف یہ کہ ہمارے برانڈ کو ملک بھر میں سب سے زیادہ پذیرائی ملتی ہے بلکہ ہم ڈسٹری بیوشن کے حوالے سے بھی سب سے بڑے نیٹ ورک کے حامل ہیں۔