63

پشاور اور مردان میں نیشنل گیمز کے مقابلوں کا معائنہ

پشاور۔خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے کھیل عاطف خان نے گزشتہ روز قیوم سپورٹس کاکمپلیکس پشاور اور مردان سپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا اور وہاں پر جاری نیشنل گیمز کے مختلف مقابلے دیکھے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا صوبے میں نو سال بعد کھیلوں کا سماں اور 10 ہزار ایتھلیٹس کی میزبانی کرنا کسی  اعزاز سے کم نہیں ہے، نیشنل گیمز کو کامیاب اور تاریخی بنانے کے لئے تمام تر دستیاب وسائل بروئے کار لائی جارہی ہے۔ کھلاڑیوں کے لئے سیکورٹی اور طبی سمیت تمام بہترین سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے۔

 نیشنل گیمز سے دنیا کو امن کا پیغام جائیگا اور صوبے کا امیج بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز سے دنیا کو پیغام جائیگا کہ خیبر پختون خوا میں امن بحال ہوچکا ہے اور کھیلوں کے میدانوں کی رونقیں بحال ہورہی ہے۔کھلاڑیوں کا جوش و جذبہ دیدنی ہے ہر چہرے پر مسکراہٹ نظر آرہی ہے،سینئر وزیر نے کہا کہ میں خود اس میگا ایونٹ کی نگرانی کررہا ہوں کھلاڑیوں کو بہترین سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز کا پرامن انعقاد نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان کی کامیابی ہے۔

بدقسمتی سے گزشتہ دہائی میں امن امان کی خراب صورتحال کی وجہ سے کھیل کے میدان ویران ہوئے تھے اور صوبے کا امیج کافی متاثر ہوا تھا۔ اب چونکہ سیکورٹی اداروں اور عوام  کی قربانیوں سے امن امان بحال ہوچکا ہے اسلئے اب کھیل کے میدان بھی اباد ہورہے ہیں صوبے میں کھیلوں کے فروغ پر 26 ارب روپے خرچ کئے جائینگے،اسکے علاوہ سیاحت کے فروغ کے لئے بھی خطیر رقم مختص کی گئی ہے کیونکہ ان دونوں شعبوں کے ذریعے صوبے اور ملک کا بہتر امیج ابھر کر سامنے آئیگا۔