187

برطانوی کمپنیوں کو سی پیک میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد: وزیر تجارت محمد پرویز ملک نے کہا ہے کہ سی پیک میں توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں برطانوی کمپنیوں کیلیے بہت مواقع موجود ہیں۔

برطانیہ کی جانب سے پاکستان کیلیے جی ایس پی پلس جاری رہے گا، میئر لندن۔ فوٹو: رائٹرز

میئر لندن صادق خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب میں محمد پرویز ملک نے کہاکہ برطانوی کمپنیاں تعمیراتی ڈھانچے اور توانائی میں کافی تجربہ رکھتی ہیں، وہ سی پیک منصوبے سے فائدہ اٹھاسکتی ہیں اور اس بڑے منصوبے میں شامل ہو سکتی۔ انھوں نے کہاکہ میئر لندن کے ساتھ ملاقات کے دوران تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے، آپس کے تجربات سے فائدہ اٹھانے اور سیاسی روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

پرویز ملک نے کہا کہ برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدہ ہونے کے بعد بھی جی ایس پی پلس اسکیم جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور پاکستان نے گڈ گورننس اور پائیدار ترقی کے 27 کنونشنوں پر عمل درآمد کرنے کا یقین دلایاہے، صادق خان کو کہا کہ لندن سے زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو پاکستان بھیجیں۔

میئر لندن نے کہاکہ برطانیہ کی جانب سے پاکستان کیلیے جی ایس پی پلس جاری رہے گا، لندن پاکستانیوں کیلیے کھلا ہے وہ وہاں پر سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند عشرے دوطرفہ تعاون کے لیے کامیاب ثابت ہوں گے۔a