49

چینی کمپنی کی پاکستان میں 240ملین ڈالر سرمایہ کاری

 چینی کمپنی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگ  نے  پاکستان میں 240ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کا اعلان اور کراچی پورٹ کو ایشیاء کا تجارتی مرکز بنانے میں سہولت فراہم کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے جبکہ وزیراعظم عمران خان نے چینی کمپنی کے پاکستانی معیشت کی ترقی سے متعلق عزم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان سے ہانگ کانگ کی پورٹ آپریٹنگ کمپنی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد نے سربراہی میں ایم ڈی ہوچی سن پورٹ ہولڈنگ نے کی۔

 وزیراعظم سے ہانگ کانگ کے وفد نے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور تجارتی سر گرمیوں پر گفتگو کی گئی جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، زلفی بخاری اور سفیر برائے بیرون ملک سرمایہ کاری علی جہانگیر صدیقی بھی شریک تھے۔ وزیراعظم سے ملاقات میں ایم ڈی ہوچی سن  پورٹ ہولڈنگ نے کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں 240ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی اور کراچی میں پورٹ پر ٹرمینل کی استعداد میں اضافہ کرے گی۔ ہانگ کانگ کے وفد نے بتایا کہ کمپنی پاکستان میں سرمایہ کاری کو ایک ارب ڈالرز تک لے جائے گی اور سرمایہ کاری سے تین ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے، کمپنی کی جانب سے پاکستانی معیشت کی ترقی کیلئے معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔

 جاری کردہ سرکاری اعلامیہ کے مطابق ہوچی سن کمپنی کراچی پورٹ کو ایشیاء کا تجارتی مرکز بنانے میں سہولت فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کمپنی کے پاکستانی معیشت کی ترقی سے متعلق عزم کا خیر مقدم کیا جبکہ وزیراعظم نے سرمایہ کاری اور کاروبار میں آسانی کیلئے کیے  گئے موجودہ حکومت کے اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔