54

پاکستان میں غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے، ایشیائی ترقیاتی بنک

اسلام آباد۔ ایشیائی ترقیاتی بنک نے کہاہے کہ جاری مالی سال کے دوران پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔ یہ بات ایشیائی ترقیاتی بنک نے ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک کے نام سے جاری رپورٹ میں کہی ہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ معیشت کے استحکام کیلئے آئی ایم ایف پروگرام اوراصلاحات کے پروگرام کے نتیجے میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا پاکستان پراعتماد بحال ہواہے، اس پروگرام کے نتیجے میں کثیرالجہتی اداروں اوربین الاقوامی شراکت داروں کی جانب سے پاکستان میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔ 

رپورٹ کے مطابق گوادر میں سعودی ا?ئل ریفائنری کے پراجیکٹ کو فعال کرنے اوراس ضمن میں جاری مالی سال کے دوران ایک ارب ڈالر مالیت کی سرمایہ کاری سے پاکستان کی معشیت کو فائدہ ہوگا، اس سے مالی سال 2020 ء  کے اختتام تک سٹیٹ بنک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر10 ارب ڈالر سے تجاوز کرجائیں گے۔ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ حکومتی اقدامات کے نتیجے میں پاکستان کی معیشت کی بحالی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ رپورٹ میں جاری مالی سال میں پاکستان کی اقتصادی بڑھوتری 2.8 فیصد تک رہنے کی توقع ظاہرکی گئی ہے۔