71

گگلی ماسٹر عبدالقادر کی ملک سے مثالی محبت

لاہور۔حال ہی میں انتقال کرنے والے لیجنڈری قومی لیگ سپنر عبدالقادر کی ملک سے محبت کی ایک اور مثال سامنے آگئی ہے۔گگلی ماسٹر کے گھر میں ایک کمرے کی ہر چیز پر قومی پرچم بنا ہوا تھا، اس کمرے کی ٹیبل سے لے کر پردوں تک اور کرسی سے لے کر تصویروں تک سے پاکستانی پرچم کے رنگ نمایاں ہیں۔ عبدالقادر کے بیٹے سلمان قادر کا کہنا تھا کہ وہ پاکستان کے لیے جیت کے جذبے سے کھیلتے تھے۔

ملک کی محبت ان کے دل میں سمائی ہوئی تھی،انہوں نے اپنے آخری انٹر ویو میں بھی کہا تھا کہ وہ جہاد کے لیے تیا ر ہیں۔یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم کے سابق عظیم لیگ سپنر عبدالقادر 6ستمبر کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث 63 برس کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔عبدالقادر نے پاکستانی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 67 ٹیسٹ اور 104 ایک روزہ میچز کھیلے۔منفرد ایکشن کے مالک سابق لیگ سپنر کو اپنے دور میں خطرناک بالر تصور کیا جاتا تھا اور انہوں نے عمران خان سمیت دیگر کھلاڑیوں کی قیادت میں پاکستان کو متعدد مرتبہ کامیابیاں بھی دلائیں۔

لاہور میں 15 ستمبر 1955 کو پیدا ہونیو الے عبدالقادر نے 14 دسمبر 1977 کو انگلینڈ کیخلاف لاہور میں ہی ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ایک روزہ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کیخلاف برمنگھم میں 11 جون 1983کو ڈیبیو کیا تھا۔عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں کی 111 اننگز میں 236 وکٹیں حاصل کی اور ایک اننگز میں 56 رنز دیکر 9 وکٹیں حاصل کرنا انکی ایک میچ میں بہترین کارکردگی تھی۔

انہوں نے ایک روزہ کرکٹ میں 104 میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کی اور132 وکٹیں حاصل کی۔عظیم لیگ سپنر نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ لاہور میں دسمبر 1990میں ویسٹ انڈیز کیخلاف کھیلا اسی طرح آخری ایک روزہ میچ 2 نومبر 1993 کو سری لنکا کیخلاف شارجہ میں کھیلا۔عبدالقادر نے 2009 میں قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر کی حیثیت سے بھی اپنی خدمات انجام دیں اور ان کی منتخب ٹیم نے ورلڈ ٹی ٹونٹی چمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔