79

مردان ٗتخت بھائی کھنڈرات کو سیاحوں کیلئے پرکشش بنانیکا فیصلہ

پشاور۔خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ اضلاع کی سطح پر موجود پکنک سپاٹس پر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں مردان میں ابتدائی طور پر شینکی پل، شہیدہ سر، سرملنگ، شکری بابا، کٹی گڑھی، گڑھی رستم کے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کی تفریح کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیگی۔اس حوالے سے سینئر وزیر عاطف خان کی زیر صدارت ایک اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ایم پی ایز افتخار مشوانی، ملک شوکت، طفیل انجم، ایڈیشنل سیکرٹری سیاحت بابر خان، منیجنگ ڈائریکٹر جنید خان اور ڈائریکٹر ارکیالوجی سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

سینئر وزیر نے مردان میں موجود بدھ مت کے ہزاروں سال پرانے تخت بھائی،جمال گڑھی اور شہباز گڑھی کھنڈرات کو پرکشش بنانے اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں تخت بھائی کھنڈرات کو سری بہلول سے بدھ مت کے زمانے کا  پرانا راستہ بحال کرنے پر بھی غور کیا گیا۔سینئر وزیر نے سیاحتی مقامات اور تاریخی اہمیت کی حامل جگہوں پر بین الاقوامی معیار کے سیلفی پوائنٹس، گزیبو ہٹس، بینچز، لائٹس، ٹک شاپس بنانے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے تخت بھائی، جمال گڑھی اور شہباز گڑھی کے آثارِ قدیمہ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے محکمہ آرکیالوجی کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ موجودہ بجٹ میں آثارِ قدیمہ کو محفوظ بنانے کے لیے 60 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔سینئر صوبائی وزیر نے تمام سیاحتی مقامات پر پودے لگانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔