40

وزیر خزانہ کا طورخم گیٹ پر سہولتوں کا جائزہ

خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وفاقی اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں کی جانب سے طورخم گیٹ کوآزمائشی بنیادو ں پر آمد ورفت کے لئے 24 گھنٹے کھولنے کے بعد وہاں پر انتظامیہ کی جانب سے لوگوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لینے کے لئے بدھ کے روز پاک افغان بارڈر پر واقع طورخم گیٹ کا دورہ کیا۔اس موقع پر کمشنر پشاور شہاب علی شاہ،ڈپٹی کمشنرضلع خیبرمحمود اسلم وزیر کے علاوہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو،نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی،ایف آئی اے،سیکورٹی فورسز کے اعلیٰ حکام  اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار بھی موجود تھے۔وزیر خزانہ نے طورخم گیٹ پر لوگوں کی آمد ورفت کا تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے طورخم گیٹ کو 24 گھنٹے کھولنے کے بعد وہاں پر فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔انہوں حکام کے ہمراہ طورخم گیٹ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا جہاں پر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انہیں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔وزیر خزانہ نے طورخم گیٹ کو پر آزمائشی طور 24 گھنٹے کھولنے کے بعد وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طورخم گیٹ کو کھولنے سے نہ صرف بارڈر کے دونوں طرف پار کی عوام کو ہر لمحہ آمد ورفت کی سہولت فراہم ہونے کے علاوہ خصوصی طور پر تجارت کو بھرپور فروغ ملے گا۔

انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر طورخم گیٹ کو 24 گھنٹے کھولنے کے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے دونوں ملکوں کے عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہونے کے علاوہ ملکی اور صوبائی معیشت کو بے پناہ سہارا ملے گا۔انہوں نے کہا کہ طورخم بارڈر کے دن رات کھلے رہنے سے قبائلی ضلع خیبر اور دیگر ملحقہ علاقوں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی۔

بعد ازاں وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے عنقریب طورخم گیٹ کو 24 گھنٹے کھولنے کے باقاعدہ ا فتتاح کے حوالے سے کئے جانے والے انتظامات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور حکام سے انتظامات بارے آگاہی حاصل کی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو افتتاحی تقریب کے لئے تمام تر انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس علاقے اور یہاں کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے ایک عظیم لمحہ ہوگا اس لئے اس کے لئے شایان شان انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔