55

خیبر پختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

پشاور۔ خیبر پختونخوا میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد سال رواں کے دوران صوبہ میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد45ہوگئی ہے صوبے کے جنوبی ضلع لکی مروت کی تحصیل سرائے نورنگ کی 5ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کے آثار پائے گئے تھے جس پر تصدیق کے لئے بچی کے فضلہ کے نمونے لیبارٹری تجزیہ کے لئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھجوائے گئے جہاں تفصیلی تجزیہ کے بعد مرتب ہونے والی رپورٹ میں بچی میں پولیو کا شکار ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔

 یوں سال رواں میں ملک بھر میں پولیو کیسز مجموعی تعداد60جبکہ خیبر پختونخوا میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد45ہوگئی ہے جن میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی سب سے زیادہ تعداد بنوں ڈویژن سے ہے صوبہ میں پولیو کے نئے کیس سامنے آنے پر آیمر جنسی آپریشن سنٹر کے کوآرڈینیٹر کیپٹن (ر) کامران احمد آفریدی کی صدارت میں  اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے ای او سی کوآرڈینیٹر نے کہا کہ پولیو ویکسینشن کے بارے میں غلط فہمیوں اورہائی ٹرانسمشن سیزن کے باعث مختلف اضلاع میں پولیو کے یہ کیس سامنے آئے ہیں یہی وجہ ہے کہ ان اضلاع میں خصوصی پولیو مہمات کا انعقاد کیا گیا۔