19

خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات روک دیئے گئے

پشاور۔پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت کو تاحکم ثانی بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے سے روک دیا ہے۔ درخواست گزار نے عدالت میں  موقف اختیار کیا کہ خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ ایکٹ2019میں ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو ختم کرکے تحصیل گورنمنٹ کا نظام بنایا گیا۔ حکومت نے تحصیلوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنا تھا۔پشاور کو5تحصیلوں میں تقسیم کرکے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

 پشاور کے علاوہ باقی صوبے میں کسی بھی جگہ کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔درخواست گزار نے سوال اٹھایا کہ تحصیلوں کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا تو الیکشن کیسے کرائے جاسکتے ہیں؟عدالت نے ابتدائی سماعت اور درخواست گزار کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد تاحکم ثانی کے پی حکومت کو بلدیاتی انتخابات منعقد کروانے سے روک دیا اور آئندہ سماعت پر فریقین سے تفصیلی جواب طلب کرلیا گیاہے۔