20

70سے زائد سیاسی جماعتوں پر پابندی کی تلوار لٹکنے لگی

اسلام آباد۔ الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ 70سے زائد سیاسی جماعتوں پرمالیاتی گوشوارے جمع نہ کرانے کی پاداش میں الیکشن لڑنے کی پابندی کا خطرہ منڈلانے لگا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق الیکشن کمیشن رواں ہفتے 70سے زائد سیاسی جماعتوں کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مذکورہ سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات معطل کرکے انہیں الیکشن لڑنے سے روکا جائے گا۔

سیاسی جماعتوں کے انتخابی نشانات سالانہ گوشوارے جمع نہ کرانے پر معطل کئے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کے پولیٹیکل فنانس ونگ نے 70سیاسی جماعتوں کی فہرست تیار کرلی ہے۔ذرائع کے مطابق جے یو آئی ف،بلوچستان عوامی پارٹی،عوامی نیشنل پارٹی،ق لیگ،قومی وطن پارٹی،پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے انتخابی نشانات روکے جائیں گے۔

بی این پی،بی این پی عوامی،آل پاکستان مسلم لیگ،پاکستان عوامی تحریک،مسلم لیگ ضیا،پی ٹی آئی گلالئی،تحریک لبیک پاکستان سمیت 70سے زائد سیاسی جماعتیں فہرست میں شامل ہیں۔الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی،ن لیگ،پیپلزپارٹی،ایم کیو ایم سمیت 46سیاسی جماعتوں نے بروقت گوشوارے جمع کرا دئیے ہیں۔