52

مصباح الحق چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے اپنے عہد کپتانی میں قومی ٹیم کو عالمی نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم بنوانے والے مصباح الحق کو پہلی مرتبہ بیک وقت چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ مقرر کردیا جبکہ سابق کوچ وقار یونس کو باؤلنگ کوچ کی ذمہ داریاں سونپ دی گئیں۔

پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ کرکٹ کے امور میں شفافیت اور احتساب کا نظام لانے کے لیے مصباح الحق کو چیف سلیکٹر کا عہدہ بھی سونپ دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں پی سی بی نے سابق ہیڈ کوچ وقار یونس کو اس مرتبہ آئندہ 3 برس کے لیے ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کردیا۔

حال ہی میں کرکٹ کمیٹی سے استعفیٰ دینے والے مصباح الحق آئندہ 3 سال تک اپنی ذمہ داری نبھائیں گے۔ پی سی بی کا کہنا تھا کہ نئے کرکٹ اسٹرکچر کے مطابق 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ہیڈ کوچز بھی مصباح الحق کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔