27

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد: سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ پاکستان پہنچ گئے جو اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اس دوران مسئلہ کشمیر بھی زیر بحث آئے گا۔

سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر آج ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے جب کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زاید بن سلطان النہیان بھی ان کے ساتھ ہی ہیں۔ دونوں وزرائے خارجہ ایک ہی  جہاز میں اسلام آباد کے نور خان ایئربیس پہنچے جہاں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اپنے مختصر دورے میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور اس دوران مسئلہ کشمیر بھی زیر بحث آئے گا۔ مہمان وزرائے خارجہ پہلی ملاقات وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے دفتر خارجہ میں کریں گے، اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف سے بھی ملاقاتیں کریں گے، دونوں وزرائے خارجہ کا دورہ پاکستان کل 4 سے 5 گھنٹوں پر محیط ہوگا جس کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات  پر بات چیت کی جائے گی۔

ادھر وزیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو فون کرکے مسئلہ کشمیر پر تبادلہ خیال کیا ہے اور انہیں وہاں کی تازہ ترین صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دو ہفتوں میں یہ تیسرا رابطہ ہے۔