34

بھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ ہو چکا ٗفواد چوہدری

 لاہور۔وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا ہے کہ بھارت کے لئے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے جس کا مناسب وقت پر اعلان کیا جائے گا'(ن) لیگ اور پیپلزپارٹی کے لوگ چاہتے ہیں کہ پیسے بھی نہ دیئے جائیں اور نواز شریف، زرداری کو چھوڑ دیا جائے، ایسا ہو نہیں سکتا۔

 اس کا آسان سا حل ہے کہ قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس کریں اور اپنے اپنے ابو لے جائیں 'حزب اختلاف کی قیادت پریس کانفرنس میں کبھی بھی عوام کے مسائل کی بات نہیں کرتی، لوگوں کی ہمدردیاں ان کے ساتھ نہیں ہیں ' اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا' اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی میں کوئی فرق نہیں دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔

سوشل میڈیا ٹرولز اور جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کو سنجیدہ نہ لیا جائے۔لاہور میں تقریب سے خطاب کے دوران میڈیا سے گفتگو اور اپنے ٹویٹر پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر سب سے پہلے چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کا رشتہ ہمالیہ سے اونچا اور بحیرہ عرب سے گہرا ہے سی پیک پاکستان اور چین کے مابین اہم ترین اور بڑا منصوبہ ہے جبکہ دونوں ممالک کی باہمی تجارت کا حجم 20 بلین ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے نظریے کے مطابق پاکستان میں اکنامک زون بنائے جائیں گے اور اس سلسلے میں ہم ایشیا کا سب سے بڑا بائیو ٹیکنالوجی پلانٹ جہلم میں لگانے جا رہے ہیں جس میں چینی کمپنیوں کی سرمایہ کاری چاہتے ہیں ہم چین کی مدد سے الیکٹرانک موٹرسائیکلز بنانیکیلئے پر عزم ہیں، ملک میں صنعت لگے گی تو ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر کے معاملے پر سب سے پہلے چین نے پاکستان کا ساتھ دیا ہے، دونوں ممالک کا رشتہ ہمالیہ سے اونچا اور بحیرہ عرب سے گہرا ہے کشمیر کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 29 دن سے 80 لاکھ کشمیری گھروں میں بند ہیں، بین الاقوامی سطح پر کشمیر کے حوالے سے پاکستانی موقف کو تقویت ملی ہے۔

 سفارتی سطح پر بھی کشمیر کے حوالے سے ہم سرگرم ہیں مقبوضہ کشمیر آزادی کے آخری مرحلے میں ہے اور جب تک ہمارے کشمیری بھائی آزاد نہیں ہو جاتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔فواد چوہدری نے کہا کہ بھارتی معیشت کا بیڑا غرق ہو چکا ہے۔

 ان کی صنعتیں تباہ ہو رہی ہیں، نریندر مودی اقلیتوں پر حملہ کرکے اپنی ناکامیوں کو چھپانا چاہتا ہے بھارت کے لئے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے جس کا مناسب وقت پر اعلان کیا جائے گا۔حزب اختلاف کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 30 سال تک کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہنے والے مولانا فضل الرحمان نے ایک مرتبہ بھی مسئلہ کشمیر پر چھوٹا سا بھی جلسہ نہیں کیا۔