34

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں توسیع

اسلام آباد۔آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کے معاہدے میں توسیع کر دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے میں پاکستان پر بھاری جرمانہ ہونے کا خطرہ ٹل گیا ہے۔

آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کے معاہدے میں توسیع کر دی گئی ہے۔منصوبہ وقت پر مکمل نہ کرنے پر پاکستان کو اربوں روپے کا جرمانہ ادا کرنا پڑتا۔ایک اور میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی پابندیوں کے باوجود پاکستان اور ایران نے ایک بار پھر اربوں ڈالر کے آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کو 2024 تک مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔آئندہ ہفتے ترکی میں نیشنل اینڈ ایرانئین آئل کمپنی اور پاکستانی کمپنی انٹرسٹیٹ گیس سسٹم کے مابین توسیعی معاہدے پر دستخط ہوں گے۔

وزیراعظم عمران خان کے 21 اپریل کو دورہ ایران کے دوران متعلقہ حکام کے مابین ایران پاکستان معاہدے میں توسیع اور ایران کی جانب سے جاری لیگل نوٹس واپس لینے کا اصولی فیصلہ ہوا۔نئے معاہدے کے تحت پاکستان اگست 2024 تک اپنے علاقے میں پائپ لائن تعمیر کر کے 750 ملین کیوبک فٹ گیس یومیہ خریدنے کا پابند ہو گا،بصورت دیگر ایران فرانس میں پاکستان کے خلاف کیس دائر کر کے بھاری جرمانہ عائد کرنے کا کیس دائر کرے گا،پاکستان ایل این جی کے مقابلے میں ایران سے سستی ترین گیس درآمد کر سکتا ہے۔

ایرانی فرانسیسی قانونی ماہرین کی مشاورت سے وزارتِ قانون نے گیس سیل پرچیز ایگریمنٹ میں ترمیم کے ذریعے 5 سال کی توسیع کے قانونی پہلوں کی منظوری دی۔خیال رہے کہ گیس پائپ لائن منصوبے کی عدم تکمیل پر ایران نے پاکستان کو عالمی عدالت سے رجوع کرنے کی دھمکی بھی تھی۔،ایرانی حکام کا کہنا تھا کہ آئی پی منصوبے پرامریکی پابندیاں اثر انداز نہیں ہو سکتیں۔