52

پیپلزپارٹی کا لائن آف کنٹرول کی طرف مارچ کا اعلان

 چناری۔پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ محرم الحرام  کے فوری بعد پارٹی چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں لائن آف کنٹرول کی طرف مارچ کرتے ہوئے مودی کو للکاریں گے۔

 بلاول بھٹو کے دورہ کی تاریخ کا اعلان آئندہ چند روزتک کر دیا جائیگا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے معروف کشمیری رہنماء و سابق صدر پا کستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر صاحبزادہ محمد اسحاق ظفر مرحوم کی تیرویں برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب کی صدارت معروف عالم دین مولانا سید محمد اسحاق نقوی نے کی۔مقررین نے  مرحوم اسحاق ظفر کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔

 چوہدری لطیف اکبر نے مزید کہا کہ ادھ گھنٹہ احتجاج کر کے عمر کوٹ میں احتجاج کروانے والے بتائیں کہ ادھر کتنے کشمیری تھے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر تقریروں سے کشمیر آزاد کرواتے ہیں۔مقبوضہ جموں و کشمیر میں آج کر بلا کا منظر ہے۔ ہر گھر،محلہ،گلی،بازار،گاؤں جیل میں تبدیل ہو چکے ہیں۔ یکم محرم الحرام کو دین اسلام بچانے کے لیے 72اہل بیت نے جہدو جہد کا آغاز کیا تھا آج کے دن یہ عہد کرتے ہیں کہ عوامی حقوق کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر کے لیے عملی جہدو جہد اور جنگ لڑیں گے۔ 

عمران نیازی ہمیں راستے نہ بتائیں ہمارا راستہ حسینیت کا راستہ ہے۔ تقسیم کشمیر کو مسترد کرتے ہیں۔وزیر اعظم فاروق حیدر اور سپیکر شاہ غلام قادر بیرون ممالک تقریروں سے مسئلہ کشمیر حل کروا رہے ہیں یہاں تقریروں کی نہیں عملی جہدو جہد کی ضرورت ہے۔ یہ خطہ انقلابی حکومت کے نام پر معرض وجود میں آیا تھا۔ اقتدار کے لیے نہیں آیااقتدار پرست سیاست دان بیرون ممالک دوروں میں مصروف ہیں۔انھیں کشمیر اور کشمیریوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کشمیریوں کا وکیل سویا ہوا ہے اور مودی مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے اگر پاکستانی حکمرانوں نے کشمیر کا سودا کر لیا ہے تو ہمیں بتایا جائے پھر ہم اپنا فیصلہ کریں کہ ہم نے کیا کر نا ہے۔

 چوہدری لطیف اکبر نے مرحوم کشمیر ی رہنماء صاحبزادہ محمداسحاق ظفر کی سیاسی،دینی،سماجی،عوامی اور تحریک آزادی کشمیر کے لیے گرانقدر خدمات پر انھیں زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسحاق ظفر نے کبھی بے وفائی اور بد دیانتی نہیں سکھائی۔ ان کے چاہنے والے ان کے نقش قدم پر چلیں ان کی زندگی ہمارے لیے کھلی کتاب ہے۔
 

 اسحاق ظفر نظریاتی اور عوام کے خیر خواہ تھے نہ تو سیاسی بددیانت تھے اور نہ ہی پیسہ پرست انھوں نے کھبی بھی پیسہ کو اہمیت نہیں دی صرف اپنی عوام کے حقوق کی جنگ لڑتے رہے اسحاق ظفر سے سیاسی بددیانتی کرنے والے سیاسی کارکن راستے جدا کر چکے ہیں اب ان کا پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے اگر وہ مرحوم اسحاق ظفر سے تعلق رکھنا چاہتے ہیں تو دوبارہ پیپلز پارٹی میں آئیں۔

اس موقعہ پر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی نائب صدر صاحبزادہ اشفاق ظفر نے بڑی تعداد میں لوگوں کی برسی کی تقریب میں شرکت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع ہٹیاں بالا کا ہر کارکن اسحاق ظفر ہے آج تک انھوں نے کھبی بھی مھجے اپنے والد کی کمی محسوس نہیں ہونے دی اور میں بھی پارٹی کارکنان کا مرتے دم تک ساتھ نبھاؤں گا جہاں کارکنان کا پسینہ گرے گا وہاں میں اپنا خون دینے سے گریز نہیں کروں گا۔