42

ڈوئل سم فونز کی رجسٹریشن کی حتمی تاریخ میں توسیع

اسلام آباد: ٹیلی کام ریگولیٹری اتھارٹی نے دو سم اور علیحدہ عالمی موبائل شناخت (آئی ایم ای آئی) والے موبائل فائنز کی رجسٹریشن کی حتمی تاریخ بڑھا کر 15 ستمبر کردی ہے۔

2 ہفتے قبل پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 2 سم والے تمام صارفین کو اپنا آئی ایم ای آئی 31 اگست تک رجسٹر کرنے کا کہا تھا۔

اس حوالے سے پی ٹی اے نے کہا تھا کہ کئی صارفین ایسے ہیں جن کے پاس ڈوئل سم کے حامل موبائل فونز ہیں تاہم انہوں نے ان میں سے ایک ہی کا آئی ایم ای آئی رجسٹر کرایا ہے، کئی صارفین دوسری سم کا آپشن استعمال نہیں کرتے اور انہوں نے اس کا آئی ایم ای آئی ہی رجسٹر نہیں کرایا یا کرانا بھول گئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ موبائل ڈیوائس صارفین، جن کا ایک آئی ایم ای آئی رجسٹر ہے دوسرا نہیں، کو تجویز ہے کہ وہ اپنے تمام آئی ایم ای آئی رجسٹر کرالیں۔واضح رہے کہ آئی ایم ای آئی نمبر موبائل کی شناخت کے لیے استعمال ہوتا ہے اور اس کا صارفین سے کوئی تعلق نہیں۔

اس نمبر کو پی ٹی اے تصدیق شدہ موبائل کے لیے استعمال کرتی ہے جس کے ذریعے چوری کیے ہوئے فون کو ملک میں کسی بھی نیٹ ورک تک رسائی سے روکا جاتا ہے۔

پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ وہ ایسی تمام درخواستوں کا جائزہ لیں گے جس کے بعد موبائل کی رجسٹریشن کی جائے گی۔انہوں نے خبر دار کیا کہ غلط معلومات فراہم کرنے والے درخواست گزاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جن ڈیوائسز کے ایک آئی ایم ای آئی نمبر ایک سم پر رجسٹر ہیں اسے سروس کی معطلی کا سامنا نہیں ہوگا۔موبائل ڈیوائس کا اسٹیٹس جاننے کے لیے پی ٹی اے نے صارفین کو #06ڈائل کرنے اور موصول 15 ہندسوں کا آئی ایم ای آئی نمبر 8484 پر میسج کرنے کی تجویز دی۔