46

سونے کی فی تولہ قیمت 90 ہزار کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت 90 ہزار روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

 بدھ کے روز ڈالر کی قیمت میں معمولی اضافہ ہوا اور انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر3 پیسے کے اضافے سے157روپے28 پیسے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر30 پیسے کے اضافے سے157 روپے70 پیسے پر بند ہوا، ڈالر کی قدر میں اضافے کے ساتھ ہی سونے کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے اور ملکی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 900  روپے اور 770 روپے کا اضافہ ہوگیا۔

دوسری جانب عالمی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 15 ڈالر کا اضافہ ہوگیا، اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1545 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، ڈالر کی قدر میں اضافے اور عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں اضافے کا اثر مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی نظر آیا اور کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد 90 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی  قیمت اضافے کے بعد 77  ہزار 160 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 1110 روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 951 روپے 64 پیسے پر مستحکم رہی۔