1044

وزیراعظم عمران خان کا سعودی ولی عہد کو فون، کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال

زیراعظم عمران خان نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے رابطہ کرکے بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد مقبوضہ وادی میں پیدا ہونے والی حالیہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

 وزیراعظم عمران خان نے 26 اگست کی رات سعودی ولی عہد کو ٹیلی فون کیا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم پاکستان اور سعودی ولی عہد نے کشمیر کی موجودہ صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز قوم سے اپنے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے سفیر بن کر دنیا کو اس مسئلے سے آگاہ کریں گے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں اس مسئلے کو دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر اٹھاؤں گا اور اس پر مختلف ریاستوں کے سربراہان سے بات کروں گا جن سے وہ رابطے میں ہوں۔

انہوں نے یہ بھی باور کروایا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران بھی مسئلہ کشمیر اٹھائیں گے۔

عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر مشرقی وسطیٰ سمیت کچھ مسلمان ممالک کی جانب سے بھارتی اقدام کے خلاف ایکشن نہ لینے پر بھی اپنے خطاب میں روشنی ڈالی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر کچھ مسلمان ممالک اس مسئلے کو اپنے اقتصادی مفادات کی وجہ سے نہیں اٹھا رہے تو وہ ایک دن ہمارے ساتھ ہوں گے، وقت کے ساتھ انہیں آنا ہوگا۔

پاکستانی مندوب کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر سے ملاقات

دریں اثنا اقوaم متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپنوسا سے ملاقات کی اور مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال کے بارے میں انہیں بریفنگ دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر کو بھارت کی جانب سے وادی میں نافذ کرفیو اور لاک ڈاؤن سے متعلق بتایا جس کی وجہ سے کشمیری عوام کے دکھوں میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کو مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر اپنی ذمہ داریاں نبھانی چاہیئں۔