52

حکومت کا وزارت اطلاعات میں ’ کشمیر میڈیا سیل ‘ کے قیام کا اعلان

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے مقبوضہ کشمیر کے معاملے پر وزارت اطلاعات میں میڈیا سیل کے قیام کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، کشمیریوں کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے کوشاں ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ حکومتِ پاکستان کی موثر سفارت کاری کی بدولت کشمیر ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے اور دنیا اس مسئلے سے لاتعلق نہیں رہ سکتی جس میں میڈیا کا بھی اہم کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت آزاد کشمیر میں میڈیا سیل قائم کر رہی ہے اور ہم نے طے کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے ہر ضلع میں پارٹی قیادت مقبوضہ کشمیر کے عوام کا مقدمہ پیش کرے گی۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں خصوصی طور پر کشمیر میڈیا سیل قائم کیا جارہا ہے اور پی ٹی آئی کا میڈیا سیل اس کے ساتھ مل کر اطلاعات تک رسائی کو یقینی بنانے میں موثر کردار ادا کرے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ اس ضمن میں دفتر خارجہ، مقبوضہ کشمیر اور بین الاقوامی میڈیا سے موصول ہونے والی معلومات کو ایک پورٹل کے ذریعے مقامی و بین الاقوامی صحافیوں، سول سوسائٹی اور عام شہریوں تک پہنچایا جائے گا۔

’مودی کا نام ہٹلر سے بھی آگے سیاہ حروف میں لکھا جائے گا‘

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فرانس میں بین الاقوامی سطح پر جو اجلاس ہورہا ہے اس میں آج دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کی قیادت جو اپنے تجارتی، کاروباری اور معاشی لین دین کے لیے سر جوڑ کر بیٹھی ہے وہ کشمیر کے اندر ہونے والی انسانیت کی تذلیل کے لیے بھی واضح موقف کو بیان کرے اور مودی کو اس کے جارحانہ اقدامات سے روکے۔

معاون خصوصی نے کہا کہ سلامتی کونسل سمیت تمام ادارے وہ کلیدی کردار ادا کرتے نظر آئیں جو انہوں نے سوڈان اور مشرقی تیمور میں وہاں کے عوام کو جائز حقوق دلانے کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل کرکے ادا کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 3 ہفتے سے کرفیو عائد ہے، مظلوم کشمیری حسرت سے دنیا کی طرف دیکھ رہے ہیں، ان کے تمام مواصلاتی رابطے ختم کر دیئے گئے ہیں انہیں زندگی کی بنیادی سہولتیں دستیاب نہیں اور ریاستی تشدد کا سامنا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا سے جو فوٹیج لیک ہوکر آرہی ہیں اس میں دکھائی دے رہا ہے کہ کشمیریوں کی آواز دبانے کے لیے پیلیٹ گنز کا استعمال کیا جارہا ہے اور مودی سرکار کا مخصوص آر ایس ایس کا نظریہ کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا سے ایک مرتبہ پھر اپیل کرتے ہیں کہ اگر دنیا بھارت کے ہاتھوں کشمیر کے اس المیے سے لاتعلق رہی تو یہ سب سے بڑی مجرمانہ غفلت ہوگی اور تاریخ میں مودی کا نام ہٹلر سے بھی آگے سیاہ حروف میں لکھا جائے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ جس انداز سے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کی توہین ہورہی ہے، ان کے ساتھ ناروا سلوک ہورہا ہے بھارتی فوج انسانیت کی تذلیل کرتے ہوئے ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے ذہنوں کو مفلوج کر رہی ہے، حریت قیادت کے ساتھ جو ناانصافیاں ہورہی ہیں، قید میں ان کے ساتھ جو غیر انسانی سلوک ہو رہا ہے ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔