31

موجودہ حکومت میں کشمیریوں کو حقوق دلوانے کی اہلیت نہیں، بلاول

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت میں کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کی اہلیت نہیں ہے، لیکن ہم کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑتے رہیں گے۔

اسکردو میں پریس کانفرنس کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میں دنیا میں جہاں بھی جاؤں گا کشمیر کاز پر آواز بلند کروں گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی صلاحیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ ’حکومت میں اہلیت نہیں کہ وہ کشمیری عوام کو حقوق دلواسکے‘۔

بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والے کس منہ سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت کشمیریوں کے حقوق کی جنگ لڑتی رہے گی۔چیئرمین پی پی پی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود کو عوام کے سامنے بے نقاب کردیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ حکومت اپنی ناکامی چھپانے کے لیے اپوزیشن کو دیوار سے لگا رہی ہے، اگر یہی اپوزیشن کرے گی تو حکمرانی اور عوامی مسائل کون حل کرے گا؟انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو پتہ ہی نہیں کہ کیا کرنا ہے، بس وہ ہماری تقلید کررہی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو شہید کے مشن کو مکمل کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت عوام کے ساتھ ہے لیکن عوام ساتھ دے تو مل کر پورے پاکستان کے مسائل حل کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور گلگت بلتستان کے عوام کا پرانا رشتہ ہے، اس جماعت کی مسلسل جدوجہد کی تاریخ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اب وہ گلگت بلتستان کے عوام کو تمام حقوق دیں گے اور اس خطے کے لوگوں کے معاملات کو وفاقی سطح پر بہتر انداز میں اٹھایا جائے گا۔