25

پشاور میں پلانٹ فار پاکستان شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز

پشاور۔ خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز ودیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ وہ صاف پختونخوا میرا خواب پختونخوا مہم کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔ رواں سیزن کے دوران صرف پشاور میں 27 لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔ 

شہروں کو ہر صورت میں کلین اینڈ گرین ہونا چاہیے۔ صوبائی وزیر بلدیات نے ان خیالات کا اظہار شاہی باغ پشاور میں پودا لگا کر پلانٹ فار پاکستان شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ اس موقع ممبران صوبائی اسمبلی اور افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

 شہرام خان ترکئی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج پودا لگا کر وزیراعظم کی ملک کو کلین اینڈ گرین بنانے کی کمپین کا صوبے میں آغاز کیا ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی رواں سیزن میں صرف پشاور میں 27 لاکھ پودے لگائے گی۔ اْنہوں نے کہا کہ پشاور شہر کو کلین اینڈ گرین بنانا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ بی آر ٹی کوریڈور کے اطراف بھی پودے اور سبزہ لگایا گیا ہے جس سے شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا ہے۔ 

صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ بلدیات نے عید کے دنوں کے دوران صوبے میں صفائی کو ممکن بنایا۔ ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس سیز اور ڈویلپمنٹ اتھارٹیز نے بڑی عید پر صفائی کے لئے بہترین انتظامات کئے جو قابل ستائش ہیں۔ صاف پختونخوا۔ میرا خواب پختونخوا کمپین  کے حوالے سے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ مہم صوبے بھر میں جاری ہے اور وہ خود اس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور جلد ہی وہ مہم کا جائزہ لینے مختلف علاقوں کا دورہ کریں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ یہ مہم شہریوں کے تعاون کے بغیر قطعاً کامیاب نہیں ہوسکتی۔ شہری کچرا صرف متعین کردہ جگہوں پر ہی پھینکیں۔ شہرام خان ترکئی نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے گھروں کے ساتھ ساتھ اپنی گلیوں، محلوں اور شہروں کو بھی صاف رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف پختونخوا۔ میرا خواب پختونخوا کمپین کے اگلے مرحلے میں تعاون نہ کرنے والوں پر جرمانے کئے جائیں گے۔ ہر جگہ کچرا دان اور کنٹینر موجود ہیں ہیں ان میں کچرا نہ ڈالنے کی وجہ سے اضافی گاڑیاں اور عملہ متعین کرنا پڑتا ہے جو کہ اضافی اخراجات کا باعث بنتا ہے۔ 

صوبائی وزیر نے کہا کہ لوگ اپنے محلوں اور شہروں کو صاف رکھنے کے لئے محکمہ بلدیات کے ساتھ تعاون کریں۔ صاف پختونخوا۔۔میرا خواب پختونخوا مہم میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کے لیے 2 کروڑ کے انعامات رکھے گئے ہیں جبکہ بری کارکردگی والوں کو سخت ایکشن کا سامنا کرنا پڑے گا۔

وزیر بلدیات نے کہا کہ میڈیا بھی اس مہم میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ میڈیا کی جانب سے مسائل کی نشاندہی کرنے پر اسی وقت ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کا باعث پلاسٹک بیگز کو بین کر دیا گیا ہے۔ شہری خود بھی ان کا بائیکاٹ کریں۔ شہرام خان ترکئی نے کہا کہ ویلیج کونسل کی سطح پر صفائی عملہ موجود ہے تاہم وہاں بھی صفائی مہم چلائیں گے۔