41

نیب کا جعلی اکاؤنٹس کیس میں بڑی کامیابی کا دعویٰ

وفاقی احتساب بیورو (نیب) نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور سمیت دیگر افراد کے خلاف دائر جعلی اکاؤنٹس کیس میں بڑی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ دبئی کے شہری اور سمٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل ناصر عبداللہ لوتاہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں وعدہ معاف گواہ بن گئے ہیں۔

جعلی اکاؤنٹس کیس میں چیئرمین پیپلز پارٹی آصف زرداری، رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور، اومنی گروپ کے سربراہ عبدالغنی مجید سمیت اہم ملزمان نامزد ہیں۔ ذرائع کے مطابق وعدہ معاف گواہ بننے کے بعد ناصر لوتاہ کے وارنٹ گرفتاری بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ناصر عبداللہ لوتاہ کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کیے۔ ذرائع کے مطابق ناصر لوتاہ کو عیدالاضحیٰ سے پہلے احتساب عدالت میں بھی پیش کیا گیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ناصر لوتاہ کے وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست پر حتمی فیصلہ چیئرمین نیب کریں گے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ نیب نے سمٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سابق چیئرمین ناصر عبداللہ لوتاہ کا بیان بھی ریکارڈ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ ریفرنس میں نامزد ناصر عبداللہ لوتاہ نے دبئی سے پاکستان آکر بیان قلمبند کرایا۔