36

خیبرپختونخوا کابینہ کے ارکان کا مستقبل کارکردگی سے مشروط

پشاور: خیبرپختونخوا کے وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کا مستقبل ان کے متعلقہ محکموں کی ایک سالہ کارکردگی سے مشروط ہوگیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کابینہ کے گزشتہ اجلاس میں تمام سرکاری محکموں کو ہدایت کی تھی کہ وہ موجودہ حکومت کے ایک سال کی اپنی کارکردگی رپورٹ 18 اگست تک وزیراعلیٰ کو ارسال کریں، مذکورہ رپورٹس کو وزیراعظم پاکستان عمران خان کو پیش کیا جائے گا جو سرکاری محکموں کی کارکردگی رپورٹ کی بنیاد پر متعلقہ وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کو ان کے عہدوں پر برقرار رکھنے یا ہٹانے کا فیصلہ کریں گے۔

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم خود ہر محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیں گے اور اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے مشاورت کے بعد موجودہ وزراء،مشیروں اور معاونین خصوصی کی قسمت کافیصلہ کیاجائے گا، اس ضمن میں 3 آپشنز اپنائے جانے کا امکان ہے ،ان رپورٹوں کی بنیاد پر ہی حکومتی ٹیم کے ارکان کو یا تو گرین سگنل دیتے ہوئے اپنا کام جاری رکھنے کی ہدایت کی جائے گی ،یا انہیں تنبہہ کرتے ہوئے کارکردگی بہتر کرنے کی ہدایت کی جائے گی یا پھر انھیں ہٹاتے ہوئے نئے چہروں کو کابینہ اور حکومتی ٹیم کا حصہ بنایاجائے گا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کابینہ میں اس وقت 14 وزرا ، 3 مشیر جب کہ 2 معاونین شامل ہیں اس سلسلے میں یہ بھی غور کیا جارہا ہے کہ صوبائی کابینہ میں نئے 3 وزراء میں سے 2 قبائلی اضلاع سے منتخب ارکان میں سے شامل کیے جائیں۔