36

ملک بھر میں یوم آزادی کی تقریبات، پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے دعائیں

پاکستانی عوام آج 14 اگست 2019 کو اپنا 73 واں یوم آزادی انتہائی جوش و خروش سے منا رہی ہے اور موقع کی مناسبت سے ملک کے مختلف شہروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منقعد ہوئی جس میں صدر مملکت عارف علوی نے پرچم لہرایا جبکہ تقریب میں سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی اور قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر سمیت پارلیمنٹ کے دیگر اراکین، ملک کی سول اور اعلیٰ فوجی قیادت جبکہ غیر ملکی سفیر اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ساتھ ساتھ ملک کے دیگر شہروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کی عمارت پر یوم آزادی کی مناسبت سے سبز ہلالی پرچم لہرا گیا، پرچم کشائی کی تقریب میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور دیگر معزز ججز شریک تھے۔

مذکورہ تقریب میں ایف ایٹ کچہری پر دہشت گردی کے حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین بھی موجود تھے۔ خیال رہے کہ 3 مارچ 2014 کو ایف ایٹ کچہری پر حملے کے نتیجے میں جج سمیت متعدد وکلا اور سائلین شہید ہوگئے تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ اگر اس ملک میں قانون کی بالادستی نہ ہوئی تو دشمن ہمیں للکارتے رہیں گے، ہم اپنے اپنے گھروں کو درست کریں اور ملک میں آئین و قانون کی بالادستی قائم کریں۔

علاوہ ازیں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیراعلی سردار عثمان بزدار نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی جبکہ دونوں عہدیداروں نے مفکر پاکستان علامہ اقبال کے مزار پر حاضری بھی دی۔

گورنر اور وزیراعلیٰ پنجاب نے علامہ اقبال کے مزار پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ لاہور ہائی کورٹ میں یوم آزادی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان نے دیگر ججز کے ہمراہ عدالت عالیہ کی عمارت پر پرچم لہرایا۔

لاہور ہائی کورٹ میں مملکت خداداد پاکستان کی آزادی کے 72 سال مکمل ہونے پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان کا کہنا تھا کہ یہ بات ہم سب جانتے ہیں کہ آزادی ایک نعمت ہے اور ہم اس نعمت کیلئے اپنے رب ذوالجلال کے سامنے سربسجود ہیں اور اس آزاد ریاست کیلئے جدوجہد کرنے پر ہم بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال، ان کے ہم عصروں اور اس ساری جدوجہد میں قربانیاں دینے والے اپنے بزرگوں کو سلام پیش کر تے ہیں۔ اس کے علاوہ وہاڑی، سرگودھا، منڈی بہاوالدین اور دیگر شہروں میں بھی پرچم کشائی کی تقریبات منعقد ہوئیں جس میں ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

پشاور میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر اطلاعات نے پرچم لہرایا اور اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ بعد ازاں کوئٹہ میں پرچم کشائی کی تقریب بلوچستان اسمبلی کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پرچم لہرایا۔