29

نجی ٹی وی چینل کے ڈرامے پر پابندی عائد

 پشاور۔ پشاورہائی کورٹ نے نجی ٹی وی چینل ہم  پر "کْن فیکون "کے نام سے آن ائیر ہونے والے ڈرامے پر پابندی عائد کردی جبکہ ہم ٹی وی چینل اورپیمرا سے جواب طلب کرلیا گیا ہے، جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیسے ڈرامے بن رہے ہیں، گزشتہ روز کیس کی سماعت ہائی کورٹ کے جسٹس قیصر رشید خان اورجسٹس لعل جان خٹک پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔

 پیٹیشنرز ابرارحسین ایڈوکیٹ اور سارہ ایڈوکیٹ کیجانب سے دائر رٹ پٹیشن پر کیس کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ نجی ٹی وی چینل ہم پر" کْن فیکون" کے نام سے ڈرامہ چل رہا ہے، جس کے تقریبا پانچ اقساط آن ائیرہوچکے ہیں، قرآن پاک کے لفظ" کْن "کامطلب ہے اللہ کا اختیاریعنی اللہ تعالیٰ جو حکم دے وہ اسی وقت ہوجاتا ہے۔

 یہ مقدس لفظ قرآن پاک میں مختلف مقامات پر استعمال ہوا ہے تاہم نہ صرف اس مقدس لفظ کو ڈرامے کا نام دیا گیا ہے بلکہ گانے اور پرومو میں بھی متعلقہ نام استعمال کیاجارہا ہے جو قرآن پاک کے لفظ کی بے حرمتی ہے لہذا اس پر فوری پابندی عائد کی جائے۔ جسٹس قیصر رشید نے ریمارکس دیئے کہ یہ کیسے ڈرامے چل رہے ہیں، ہم اس ڈرامے کو سٹاپ کرتے ہیں۔

 فاضل جج نے ڈرامہ آن ائیرکرنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے متعلقہ نجی ٹی وی چینل اور پیمرا کو احکامات جاری کیے کہ متعلقہ ڈرامہ نہیں چلنا چاہیے جبکہ پیمرا اور نجی ٹی وی کے مالک کو نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے۔کیس کی سماعت 12ستمبر تک کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔