28

پاکستان کا بھارت سے ثقافتی تعلقات بھی ختم کرنیکا اعلان

اسلام آباد۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے بھارت سے تمام ثقافتی تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر کسی قسم کی کوئی لچک نہیں دکھائے گا،کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور کشمیر کے لیئے پاکستان ہر حد تک جائے گا،بھارت نے سیاہ قانون سازی کر کے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے۔

پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لے کر جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے اداروں کو جھنجھوڑنے جا رہے ہیں۔جمعرات کو پارلیمنٹ ہا ؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئیفردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان کی قیادت نے دنیا اور بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر کسی قسم کی کوئی لچک نہیں دکھائے گا، کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے اور کشمیر کے لئے پاکستان ہر حد تک جائے گا،بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آیا ہے۔

 بھارت نے سیاہ قانون سازی کر کے کشمیریوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا ہے، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں میڈیا کی رسائی کو روکا ہوا ہے، آج بھارت کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بین الاقوامی میڈیا کو مقبوضہ کشمیر میں رسائی دی جائے کہ تاکہ وہ بھارت کا اصل چہرہ سامنے لائے،کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو کچلنے کے لیئے بھارت جتنے بھی اقدامات کرے گا اس کے سامنے پاکستان ڈٹ کر کھڑا نظر آئے گا۔

پاکستان ہر آپشن استعمال کرے گا، فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پارلیمنٹ کی مشترکہ قرارداد آئی جس نے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی،انہوں نے کہا کہ بھارتی سفیر کو ملک چھوڑنے کا کہہ دیا گیا ہے،کسی پاکستانی سینما میں بھارتی فلم نہیں لگے گی، بھارت سے  ہر طرح کے ثقافتی تعلقات کو ختم کرنے جارہے ہیں،تمام میڈیا کشمیر کے اندر ہونے والی زیادتیوں کو اجاگر کرے۔

انہوں نے کہا کہ تمام مسلم ممالک سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑے نظر آئیں،پاکستان اقوام متحدہ میں کشمیر کا مقدمہ لے کر جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے اداروں کو جھنجھوڑنے جا رہے ہیں،بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، بھارت کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو ختم کرنے کے درپے ہے، انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے،مقبوضہ کشمیر میں ادویات کی فراہمی نہ ہو نے کے برابر ہے۔

 کشمیریوں کے شہیدوں اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، 14 اگست کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منائیں گے،پاکستان حق خودارادیت کے لیئے کشمیریوں کی حمایت کرتا رہا ہے، بھارت نے ان سے ان کا حق چھین لیا ہے، مودی نے للکارا ہے، ہم دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھائیں گے، میڈیا کشمیریوں کی جدوجہد کو دکھاتا رہے۔