31

خواجہ برادران پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی

لاہور۔لاہور کی احتساب عدالت میں  پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی اور  سابق وزیر ریلوے خواجہ محمد سعد رفیق اور ان کے بھائی رکن پنجاب اسمبلی  خواجہ  محمد سلمان رفیق  پر پیراگون ہاؤسنگ  سکینڈل ریفرنس  میں فرد جر م عائد نہ ہو سکی۔

احتساب  عدالت  کے جج جواد الحسن نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ میں 12 روز کی توسیع کرتے ہوئے قرار دیا   کہ آئندہ سماعت پر 20اگست کو  دونوں  بھائیوں پر فرد جرم  عائد کی جائے گی۔

 عدالت نے نیب حکام کو ملزمان کو ریفرنس کی واضح نقول  فراہم کرنے کا حکم دیا ۔ دوران سماعت جیل حکام کی جانب سے خواجہ سلمان رفیق کو پیش کیا گیا جبکہ خواجہ سعد رفیق پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کے باعث عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔

 عدالت نے خواجہ برادران کے جوڈیشل ریمانڈ  میں 12روز کی توسیع کر تے ہوئے انہیں دوبارہ 20اگست کو پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیس کی سماعت کے موقع پر کمرہ عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔