29

پرانا محافظ خانہ کی عمارت کی حالت انتہائی مخدوش

پشاور۔ڈپٹی کمشنر پشاور کمپلیکس سے متصل  پرانا محافظ خانہ اور ڈومیسائل برانچ کی عمارت کی حالت انتہائی مخدوش ہوگئی جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے ٗ عمارت کی خراب اور مخدوش حالت کی وجہ سے ملازمین دھوپ اور بارش کے دوران اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے پر مجبور ہیں ڈائری ڈسپیج برانچ سمیت ڈومیسائل برانچ میں سٹاف اور سائلین کو سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں 120 سالہ پرانی عمارت کے در و دیوار میں دراڑیں اور بڑی بڑی سوراخیں بن چکی ہیں۔

  بارش ہونے کی صورت میں جہاں ملازمین کو مسائل کا سامنا ہے وہیں بارش کے بعد عمارت تالاب کا منظر پیش کرتی ہے  اسی عمارت میں مختلف کالجوں میں داخلوں کیلئے روزانہ کی بنیاد پر  1500سے 2ہزار ڈومیسائل جاری ہوتے ہیں مذکورہ صورتحال کے باعث محافظ خانہ اور ڈومیسائل برانچ میں لاکھوں فائلوں کی تعداد میں پرانا ریکارڈ ضائع ہونے کا خدشہ ہے جس میں ڈومیسائل ٗریونیو ریکارڈ ٗدیوانی مقدمات سمیت فوجداری ریکارڈ موجود ہیں جو کہ کسی بھی وقت بارش یا عمارت کے گرنے کی باعث ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔

 واضح رہے کہ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا سلیم خان مہمند کے محافظ خانہ کے دورہ کے لئے انتظامات کے باوجود تین مرتبہ دورہ منسوخ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے سائلین اور ملازمین کی امیدیں دم توڑ گئیں ہیں