103

پشاور میں شیرفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن ٗ درجنوں گرفتار

پشاور۔محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں شیر فروشوں کیخلاف کاروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے 51افراد کو گرفتار کرلیا۔صوبائی وزیر خوراک خیبر پختونخوا الحاج قلندرلودھی اور ڈائریکٹر محکمہ خوراک خیبرپختونخوا سعادت حسن نے پشاور میں دودھ فروشوں کے خلاف خودساختہ ریٹ بڑھانے پر نوٹس لیتے ہوئے راشننگ کنٹرولر آفتاب عمر کو فوری  کارروائی کرنے کا حکم دیاجس پر راشننگ کنٹرولر کو زیر نگرانی اسسٹنٹ فوڈ  کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر محسن علی شاہ نے مقامی پولیس کے ہمراہ  کوہاٹ روڈ۔شاہ قبول نمک منڈی. جہانگیر پورہ. پشتخرہ۔کسٹم چوک اور سواتی پھاٹک  میں دودھ فروشوں کے خلاف کارروائی کی۔

جو کہ سرکاری نرخ نامہ سے زیادہ پیسے وصول کرنے اور گاہک کو کم وزن دودھ فروخت کر نے پر کاروائی کے دوران  17 دودھ فروشوں کو موقع پر گرفتار کرکے مقامی پولیس سٹیشن کے حوالے کیا۔ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن تھری حامد گگیانی نے یونیورسٹی روڈ اور تہکال میں مختلف شیر فروشوں کی دکانوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ٹو منیٰ ظاہر نے دلزاک روڈ اور چارسدہ روڈ پر مختلف شیر فروشوں کی دکانوں کا معائنہ کیا۔ 

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن فور سید ایوب شاہ نے کوہاٹ روڈ اور پھندو روڈ پر مختلف شیرفروشوں کی دکانوں کا معائنہ کیا۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر پی ڈی اے رضوانہ ڈار نے حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں میں شیر فروشوں کی دکانوں کامعائنہ کیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ٹاؤن ون آصف اقبال نے فقیر آباد اور اندرون شہر شیر فروشوں کی دکانوں کا معائنہ کیا۔کاروائیوں کے دوران مجموعی طور پر سرکاری ریٹ سے زیادہ پر فروخت کرنے، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر 23 شیر فروشوں کو گرفتار کر لیا گیا۔