34

ایل او سی پار پاکستانی کارروائی سے متعلق الزام پروپیگنڈا ہے، ترجمان پاک فوج

راولپنڈی: ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کے لائن آف کنٹرول کے پار پاکستان کی کارروائی سے متعلق الزامات پروپیگنڈا ہیں۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے پار پاکستان کی کارروائی اور لاشوں کو تحویل میں لینے سے متعلق الزامات پروپیگنڈا ہیں، ایسے الزامات کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ ہٹانا ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی فوج لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر شہری آبادی کو کلسٹر بموں سے نشانہ بنارہی ہے، بھارتی فوج نے 30 اور 31 جولائی کو آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں توپخانے کے ذریعے کلسٹر ایمونیشن کا استعمال کیا جس کے باعث 4 سالہ بچے سمیت 2 افراد شہید اور 11 شدید زخمی ہوگئے۔ بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ اور ممنوعہ ہتھیاروں کا استعمال جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹوئٹر بیان میں بھارتی فورسزکی جانب سے کلسٹربم کے استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے کلسٹربم کااستعمال انٹرنیشنل کنونشن کی خلاف ورزی ہے،کوئی ہتھیار کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا،ہر پاکستانی کے خون میں کشمیردوڑتا ہےاور کشمیریوں کی مقامی تحریک آزادی ان شاء اللہ کامیاب ہوگی۔