50

بھارتی جارحیت: وزیراعظم نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا

وزیراعظم عمران خان نے بھارتی فوج کی جانب سے آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نزدیک شہریوں کو کلسٹر بم کا نشانہ بنانے پر قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں کہا کہ ' وادی نیلم میں بھارت کی جانب سے کلسٹر بم حملے کے بعد وزیراعظم عمران خان نے قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ' اجلاس میں قومی سلامتی کے امور زیر غور آئیں گے'۔

خیال رہے کہ بھارت جنگ بندی کے معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے ایل او سی کے نزدیک شہری آبادی کو کلسٹر بموں کا نشانہ بنارہا ہے۔

گزشتہ چند روز میں وادی نیلم میں کلسٹر بم کے ذریعے شہریوں کو نشانہ بنانے کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے جن میں بچے بھی شامل ہیں۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے مختلف ٹوئٹس میں کہا کہ ' مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشت گردی اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر پاکستان کی سیاسی قیادت کو یک زبان یو کر اسے بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے'۔