37

گیس کے اضافی بل واپس لینے کا اعلان

اسلام آباد۔وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے عوام الناس کو خوشخبری سنائی گئی ہے کہ گیس  کے بلوں میں ماہ جولائی 2019کے دوران کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے اور ساتھ ہی یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ گیس کے آنے والے اضافی بلوں کو واپس لیا جائے گا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ خوشخبری ترجمان وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے سنائی گئی ہے۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے اس ضمن میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھانے کا نوٹس لیا ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ روٹی اورنان کی قیمتوں میں اضافے سے براہ راست غریب طبقہ متاثر ہوا ہے۔ وزیراعظم کی جانب سے نوٹس لیے جانے کے بعد ای سی سی نے روٹی اور نان کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے دعوی کیا کہ اب روٹی اورنان کی وہی قیمت وصول کی جائے گی جو پہلے تھی۔

 وزیراعظم ہاؤس کے ترجمان نے واضح کیا کہ ایف بی آر نے بھی وضاحت جاری کردی ہے کہ آٹے پر ٹیکس نہیں لگایا گیا ہے تو روٹی و نان کی قیمت میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ترجمان وزیراعظم ہاؤس نے کہا کہ صوبائی انتظامیہ کو واضح طور پر ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ روٹی اور نان کی پرانی قیمتوں میں اضافہ نہ ہونے کو یقینی بنائے۔