اسلام آباد۔سینیٹ کا اہم اجلاس (کل)جمعرات کو ہو گا،جس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قراردادوں پر خفیہ رائے شماری کرائی جائے گی،اجلاس کی صدارت صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے نامزد پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹر محمد علی سیف کریں گے،چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی قرارداد منظور جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف حکومت کی عدم اعتماد کی قرارداد مسترد ہونے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت کی جانب سے طلب کردہ سینیٹ کا اہم اجلاس (کل)جمعرات کی دوپہر 2بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا۔ اجلاس کی صدارت صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کی جانب سے نامزد پریزائیڈنگ آفیسر سینیٹربیرسٹرمحمد علی خان سیف کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کا اہم مشاورتی اجلاس (آج)بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو گا، جس کی صدارت سینیٹ میں قائدایوان شبلی فراز کریں گے۔
اجلاس میں (کل) ہونے والے سینیٹ اجلاس کے حوالے سے حکمت عملی طے کی جائے گی، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے بھی اپنے سینیٹرز کو متحرک رکھنے کیلئے مسلسل اجلاس کررہی ہے،(آج)بدھ کو اپوزیشن جماعتوں کا اجلاس ایک بار پھراپوزیشن لیڈر راجہ ظفر الحق کی زیر صدارت ہو گا، جس میں یکم اگست کو ہونے والے اجلاس کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق حکومت کوششوں کے باوجود بھی اپوزیشن کے سینیٹرز کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی،جس کی وجہ سے چیئرمین سینیٹ کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کی قرارداد منظور جبکہ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے خلاف حکومت کی عدم اعتماد کی قرارداد مسترد ہونے کا امکان ہے۔









