46

ملک سے بدعنوانی کاخاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے‘جسٹس جاوید اقبال

اسلام آباد۔قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ ملک سے بدعنوانی کاخاتمہ اور عوام کی لوٹی ہوئی رقم کی واپسی نیب کی اولین ترجیح ہے،نیب نے بدعنوان عناصر سے عوام کی لوٹی ہوئی تقریباََ 326 ارب روپے کی رقم برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی ہے جو کہ ایک ریکارڈ کامیابی ہے۔جمعرات کو چیئر مین نیب نے کہا کہ   مضاربہ اور مشارکہ سکینڈلز میں ہزاروں افراد کی لوٹی گئی رقم کی واپسی کیلئے نیب سنجیدہ اقدامات اٹھا رہا ہے اور ابتک43 بڑے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جاچکی ہے جن میں سے بعض مقدمات کا فیصلہ ہو چکا ہے جبکہ مضاربہ اور مشارکہ سکینڈلز کے دیگر مقدمات معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔انہوں نے کہاکہ نیب عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات کی جانچ پڑتال کانہ صرف شکایات سکروٹنی کمیٹی میں جائزہ لیا جاتا ہے بلکہ متعلقہ شکایات کی جانچ پڑتال شواہداور قانون کے مطابق کی جاتی ہے تاکہ بدعنوان عناصرکو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اپنے منصب کی زمہ داریا ں سنبھالنے کے بعد نیب افسران سے خطاب میں اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات بذاتِ خود نیب ہیڈ کوارٹرز میں سنیں گے۔

 اپنے وعدہ پر عمل کرتے ہوئے چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے نیب ہیڈ کوارٹرز میں کھلی کچہری میں ملک بھر سے آنے والے شکایا ت کنندہ گان کی بد عنوانی سے متعلق شکایات انتہائی توجہ اور اطمینان کے ساتھ بذاتِ خود نیب ہیڈ کوارٹرز میں سنی اور بعض شکایات پر موقع پر ہی قانون کے مطابق ضروری احکامات جاری کئے۔ تمام شکایات کنندہ گان چئیرمین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ اس کے علاوہ چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی ہدایت پر نیب کے تمام علاقائی دفاتر کے ڈائریکٹر جنرلز ہر ماہ کی آخری جمعرات کو عوام کی بدعنوانی سے متعلق شکایات اپنے علاقائی دفاتر میں بذاتِ خودسنتے ہیں۔گیلانی اور گیلپ سروے کے مطابق 59فیصد عوام نے نیب پر اعتماد کا اظہار کیاہے۔ چئیرمین نیب نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے عملی اقدامات کی بدولت گزشتہ اٹھارہ ماہ میں نیب کو بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ایک معتبر ادارہ بنا دیا ہے جسکا برملا اظہار ملکی اور غیر ملکی ادارے بھی اپنی رپورٹس میں کرتے ہیں۔

قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال نے نیب کے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوام کی بدعنوانی سے متعلق تمام شکایات کو کمپیوٹر ائزڈ کرنے کے علاوہ تمام شکایات کنندگان کو ان کی شکایات کی وصولی کی اطلاع کے علاوہ ان کی شکایات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جائے اور تمام شکایات کنندہ گان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کے علاوہ ان کی عزت نفس کا ہمیشہ خیال رکھا جائے اس سلسلہ میں کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔